کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی کا مسئلہ عالمی سطح پر اُٹھایا جائے : حامد رضا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مختلف دینی رہنماﺅں نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ فی الفور بھارتی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے۔ صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے خطرہ بنا ہووا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے اور بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کرے۔ مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ علامہ محمد شریف رضوی نے کہا ہے کہ آئے روز کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کے واقعات پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔ بھارتی حکومت الیکشن جیتنے کے لئے پاکستان کے خلاف جنگی جنون کو پروان چڑھا رہی ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھا رہا ہے۔