وزیراعظم کی امریکہ یاترا: غریب عوام کی کمائی بے سود دوروں پر خرچ نہیں کرنی چاہئے: عاکف سعید

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ اوباما نواز شریف ملاقات ایک غلام قوم کے حکمران کی فرعونِ وقت کے سامنے پیشی تھی، یہ بات انہوں نے قرآن اکیڈمی لاہور میں خطابِ جمعہ کے دوران کہی۔ حافظ عاکف سعیدنے کہا کہ امریکی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بارے میں بات کی اور ہم نے سن لی، لیکن اس مسئلہ پر مزید کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔ البتہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کا مطالبہ بڑے زور دار انداز میں کیا گیا۔ بھارت کنٹرول لائن پر سیز فائر کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے لیکن امریکہ نے پاکستان کو حکم دیا ہے کہ وہ کنٹرول لائن پر کشیدگی کم کرے۔ امریکہ نے پاکستان کی یہ درخواست بھی رد کر دی ہے کہ امریکہ کشمیر کے مسئلہ پر ثالث کا رول ادا کرے۔ غریب قوم کے خون پسینہ کی کمائی ایسے بے سود دوروں پر خرچ نہیں ہونی چاہیے، خود قوم اس کی زیادہ مستحق ہے۔