نندی پور منصوبے کو بحال کیا‘ جلد مکمل کرینگے : شہباز شریف‘ گارمنٹس سٹی کے قیام کی منظوری

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی ڈونگ فنگ کے صدر مسٹر ہین زیکیاﺅ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں نندی پور پاور پراجیکٹ کومقرر کردہ ٹائم لائن سے قبل مکمل کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ قومی منصوبہ ہے،جسے جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت نے نندی پور کے ڈوبے ہوئے منصوبے کو دوبارہ بحال کیاہے اورکراچی سے مشینری کو نندی پور منتقل کردیا گیاہے جس کے بعدمنصوبے پر تیزی رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ ہم چینی کمپنی کے تعاون سے منصوبے کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کرنے کے خواہاں ہیں کیونکہ قومی اہمیت کے اس منصوبے کی تکمیل سے توانائی بحران میں کمی لانے میں مدد ملے گی، نندی پورمنصوبہ پاک چین دوستی کی ایک اور شاندار مثال بنے گااورہماری مخلصانہ کوششوں سے اگلے برس کے اوائل میںمنصوبے سے بجلی کی پیدوار شروع ہو جائے گی۔ میرا حالیہ دورہ چین بھی توانائی کے شعبہ میں تعاون کی نئی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے چینی کمپنی کے حکام کو پنجاب میںتوانائی کے دیگر منصوبوں میں تعاون کی پیش کش کی۔ وفد نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی کمپنی کی جانب سے پنجاب میں توانائی کے دیگر منصوبوں میں تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور منصوبہ صرف پاکستان کانہیںبلکہ دونوں ملکوں کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کالاشاہ کاکو موٹروے کے قریب گارمنٹس سٹی کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گارمنٹس سٹی ایک ہزار ایکڑ قطعہ اراضی پر بنایا جائے گا اور یہاں پنجاب چائنہ انڈسٹریل زون بھی قائم کیا جائے گا۔ گارمنٹس سٹی میں صنعتکاروں کو تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔ گارمنٹس سٹی میں لیبر کالونی، ہسپتال اور دیگر سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گارمنٹس سٹی منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ منصوبے پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں اور جاپان کے سفیر نے ملاقات کی۔ جاپانی سفیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہبازشریف