متروکہ وقف بورڈ میں کرپشن، آصف ہاشمی سمیت 8 افراد کیخلاف مقدمہ، 5 گرفتار

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ میں کرپشن اور بورڈ کی اراضی کوڑیوں کے دام فروخت کرنے کے الزام میں ایف آئی اے نے سابق چیئرمین آصف ہاشمی سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے سابق وائس چیئرمین سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔ انہیں گذشتہ روز ایف آئی اے دفتر پیشی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے محکمے میں بدعنوانی کے مختلف الزامات پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین سید آصف ہاشمی سمیت 8 افسروں کیخلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں مقدمے کے اندراج کے بعد سابق وائس چیئرمین سید احسن رضا‘ ایڈمنسٹریٹر سعید انور‘ سیکرٹری لینڈ سلیم سندھو، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر آصف رضا اور قانونگو محمد صدیق کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آصف ہاشمی حکومت کی تبدیلی کے بعد سے بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں جبکہ ان کی گرفتاری کیلئے اقدامات شروع کر دئیے گئے۔