لاہور کی تمام اہم سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام، وارڈن غائب

لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور میں وارڈنز کی نااہلی و عدم دلچسپی کے باعث ٹریفک کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کر گیا۔ گذشتہ روز شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک بدترین جام ہو گیا اور لوگ گھنٹوں جام ٹریفک میں پھنسے رہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گذشتہ روز تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک گھنٹوں جام رہی جبکہ وارڈنز ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی بجائے سڑکوں سے غائب ہو گئے جس سے شہر کی تمام اہم سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیںجبکہ مریضوں کو لے کر جانے والی ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنسی نظر آئیں۔ جیل روڈ، کینال روڈ، شاہراہ قائداعظم، شارع فاطمہ جناح، راوی روڈ، بتی چوک، لوئر مال، ریلوے سٹیشن سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر شہری گھنٹوںجام ٹریفک میں پھنسے رہے اور ٹریفک پولیس کے افسروں و وارڈنز کو ان کی ناقص کاررکردگی پر کوستے رہے۔