عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو ہونیوالے نقصان کا ازالہ کرے: گورنر

عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو ہونیوالے نقصان کا ازالہ کرے: گورنر

لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور یورپ کا دورہ کر کے واپس لاہور پہنچ گئے۔ گذشتہ روز ان سے جاپان کے سفیر مسٹر ہروشی انوماتا نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام کیلئے قابلِ ذکر خدمات سرانجام دی ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور اب یہ عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والے پاکستان کے نقصانات کے ازالے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ گورنر نے کہا یورپی یونین میں پاکستانی مصنوعات کو جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے سے ہماری ٹیکسٹائل مصنوعات 13 سے بڑھ کر 26 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے مثالی تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا تمام سرکاری سکولوں میں مرحلہ وار فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے اور تین ماہ میں ایک لاکھ بچوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائیگا۔ اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا جاپان کو پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر ناز ہے اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔