چیلنجز اور مسائل کا واحد حل تعلیم یافتہ سوسائٹی کا قیام ہے ، گورنر پنجاب
لاہور( خصوصی رپورٹر) گورنر پنجا ب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے کیونکہ یہ ہماری با صلاحیت نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے ، مسائل سے بھرے ماحول میں وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود بھی ہمارے طلباء وطالبات نے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک میں بھی زندگی کے ہر شعبے میں اعلیٰ کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو دنیا میں نمایاں مقام دلایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سنٹر ل پنجاب کے سولہویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو اس وقت جو چیلنجز اور مسائل در پیش ہیں اس کا واحد حل تعلیم یافتہ سوسائٹی ہے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں ۔ قبل ازیں معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک نے طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلا شبہ ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں معاشی میدان میں بھی اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہے اور پاکستان کو معاشی اعتبار سے ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان بنانا ہے ۔ کانوکیشن میں 804 طلباء وطالبات کو ڈگریاں دی گئیں ان میں یو سی پی بزنس سکول کے 445 ، فیکلٹی آف کامرس کے 226 ، فیکلٹی آف انجینئرنگ کے 72 اور فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 61 طلباء وطالبات شامل تھے ۔