پنجاب حکومت صوبائی مالیاتی ایوارڈ کا اعلان کرے : منظور وٹو
لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے گذشتہ روز سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پنجاب کی صوبائی حکومت قومی مالیاتی ایوارڈ کی طرح صوبائی مالیاتی ایوارڈ کا اعلان کرے جس میں تمام اضلاع کے لیے ترقیاتی فنڈز مختص کئے جائیں اور ایسے ترقیاتی فنڈز صرف انہی ا ضلاع میں خرچ ہوں جنکے لیے مختص کئے گئے ہیں۔ اس سے کم ترقی والے اضلاع کو ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لایا جا سکتا ہے۔ صوبے کی زیادہ تر سڑکیں نا گفتہ بہ ہیں، اسکے علاوہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کا بھی برا حال ہے۔ فارم سے مارکیٹ تک سڑکیں غائب ہیں، جس سے کسان کی آمدنی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔