جسٹس عظمت سعید نے ایڈہاک فارماسسٹس کو مستقل کرنے کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل کی سماعت سے انکار کر دیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کے ایک ممبر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ایڈہاک فارماسسٹس کو مستقل کرنے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل کی سماعت سے انکار کر دیا۔ پنجاب حکومت نے ہائیکورٹ کی طرف سے ایڈہاک فارماسسٹس کو مستقل کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، اپیل سماعت کیلئے پیش ہوئی تو تین رکنی بنچ کے ممبر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ وہ ہائیکورٹ میں بھی اس کیس کی سماعت کرتے رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ بطور سپریم کورٹ جج اب اس اپیل کی سماعت نہیں کر سکتے۔  فارماسسٹس کے وکیل نے بنچ کو بتایا کہ ایڈہاک فارماسسٹس پنجاب پبلک کا امتحان پاس کرکے ایڈہاک نوکری کرتے رہے جنہیں عدالت عالیہ نے قوانین کے تحت مستقل کرنے کا حکم دیا، لہذا پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کی جائے۔