ملک بھر میں عیدالفطر آج ہو گی‘خیبر پی کے مختلف علاقوں میں منا لی گئی
لاہور/ اسلام آباد/ پشاور/ کراچی/ کوئٹہ (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+ وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) شوال کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفیتی منیب الرحمن کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ مختلف علاقوں سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب نے چاند کے نظر آنے کا اعلان کیا۔ آج لاکھوں فرزندان اسلام عید کی نماز مساجد کے علاوہ بڑے میدانوں میں بھی ادا کریں گے، عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔ لاہور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات باشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیر خان، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد القادسیہ چوبرجی، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہدا، جامعہ رحمانیہ، جامعہ نعیمیہ، باغ جناح، جامعہ غوثیہ رضویہ فردوس مارکیٹ، ماڈل ٹاﺅن، اقبال پارک، ریس کورس پارک و دیگر مقامات پر ہونگے۔ پشاور، کوئٹہ، کراچی اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔ دوسری طرف ملک بھر میں دو عیدوں کی روایات برقرار، خیبر پی کے کے کچھ اضلاع سمیت فاٹا میں اتوار کے روز عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ پشاور میں عیدالفطر کا بڑا اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈمیں منعقد ہوا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی اور ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات بھی کئے گئے تھے۔ خیبر پی کے کے جن علاقوں میں عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے ان میں پشاور، مردان، صوابی، چار سدہ، بنوں، کوہاٹ جبکہ فاٹا کے شمالی و جنوبی وزیرستان اور مہمند ایجنسی شامل ہے۔ پشاور میں مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کو 40 سے زائد شہادتیں موصول ہوئی تھی جس کی بنیاد پر مسجد قاسم علی خان نے اتوار کے روز عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔ چارسدہ، صوابی، مردان ، بنوں اور شمالی وزیر ستان کی ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں نے بھی کثیر تعداد میں شہادتیں موصول ہونے کے بعد مقامی اضلاع میں عیدالفطر کا اعلان کیا تھا جبکہ پشاور میں مقیم افغان مہاجرین نے سعودی عرب کے اعلان پر اتوار کو عیدالفطر منائی۔ واضح رہے کہ مسجد قاسم علی خان کے پیش امام مفتی پوپلزئی اور نائب مولانا خیر البشر اجلاس میں شریک نہیں رہے اور ان کی جگہ کمیٹی کے ایک درجن سے زائد ارکان جن میں حنیف فاروقی، مولانا عبدالروف، قاری عاصم اور مفتی عبدالرحمن شامل تھے۔ مسجد قاسم علی خان کمیٹی کے ممبر حسین احمد مدنی کے مطابق مفتی پوپلزئی اور مولانا خیرالبشر کو دو دن قبل غائب کر دیا گیا ہے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا شہاب الدین پوپلزئی اس وقت دوبئی میں ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشاور نے پٹواریوں کو ہدایات جاری کیا تھا کہ جو بھی عید کا اعلان کریں ان کے نام اور پتہ نوٹ کرکے فوری طور پر انکے گھر ارسال کی جائے جن کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں دنیا بھر سے آئے 20 لاکھ معتمرین نے حرم شریف اور مسجد نبویﷺمیں نماز عید ادا کی۔ سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت، اردن، فلسطین سمیت کئی خلیجی ممالک، مصر اور جاپان میں اتوار کو عید الفطرمنائی گئی ،جبکہ برطانیہ سمیت یورپ میں بعض مکاتب فکر کے افراد نے بھی اتوار کو عید منائی اور بعض آج پیر کو عید منائیں گے۔ عراق میں سنی اوقاف کی طرف سے اعلان کے مطابق اتوار کو عید الفطر منائی گئی اس کے علاوہ جاپان، انڈونیشیا، ملائیشیامیں بھی عید منائی گئی ۔پیرس کی جامع مسجد نے بھی اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا تھا عمان میں چاند نظر نہ آنے پر آج عید کا پہلا دن ہوگا۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ماہ صیام کے اختتام اور عیدالفطر کے موقع پر سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے عید الفطر کی مناسبت سے جاری خصوصی پیغام وزیر ثقافت واطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے پڑھ کرسنایا۔شاہ سلمان نے اپنے عید پیغام میں حمد ثناء کے بعد سعودی عوام اور شرق وغرب میں پھیلی پوری مسلم امہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں عالم اسلام پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے، رواداری کے کلچر کو عام کرنے، اسلامی معاشروں میں تعاون اور تکافل کو فروغ دینے، مظلوم کی حمایت کرنے، رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرنے اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کی بھی تلقین کی۔ کراچی میں بوہری جماعت نے بھی اتوار کو عید الفطر منائی ، کراچی میں نماز عید کا مرکزی اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ریجنٹ پارک مسجد میں عید نماز پڑھنے کی بجائے اچانک فیصلہ بدل کر پاکستانی ہائی کمشن میں عید ادا کی ان کے ساتھ فیڈرل اوورسیز کمشنر زبیر گل بیٹے حسن نواز، نواسے جنید صفدر نے بھی عید پڑھی۔ اچانک پلان کی سمجھ نہیں آئی انہیں ڈر تھا کہ کہیں وہاں عوام ان کے خلاف نعرے بازی نہ کر سکیں۔ اس کی بجائے ہائی کمشن کے عملے اور پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن حسن کے ساتھ نماز پڑھنے کو ترجیح دی۔
عیدالفطر