ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے
لاہور (سپیشل رپورٹر) ملک بھر میں لاکھوں افراد آج اتوار 20 رمضان المبارک کو اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادشاہی مسجد سمیت دیگر مساجد میں لوگ بڑی تعداد میں اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مساجد میں رش بڑھ جائے گا۔ طاق راتوں میں خصوصی دعوتی و تبلیغی پروگرام بھی ہوں گے۔ پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبوں ودیہاتوں کی مساجد میں لوگ آج بیس رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے‘ رات عبادت کریں گے اور پھر نماز فجر کے بعد اعتکاف کیلئے خیموں میں داخل ہوں گے۔ عیدالفطر کا چاند نظر آنے کے بعد اعتکاف ختم کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلئے چند دن پہلے سے ہی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی تھی۔ طاق راتوں میں مسلمان خصوصی عبادت کریںگے اور کشمیر، فلسطین، شام اور برما سمیت دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کو تلاش کرنے کیلئے مسلمان ساری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے۔