پنجاب یونیورسٹی سینڈیکٹ کا اجلاس، 7 ارب 7 کروڑ روپے کا بجٹ منظور

لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی کے مالی سال2016-17 کے بجٹ کی منظوری کے لئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی زیر صدارت سینڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر کمیٹی روم میں منعقد کیا گیا جس میں 7 ارب 7 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی بجٹ میں تحقیقی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے ریسرچ گرانٹ اور طلباءو طالبات کا مالی بوجھ کم کرنے کے لئے دی جانے والی سبسڈی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اگلے سال پنجاب یونیورسٹی کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے 2.445 ارب روپے کی گرانٹ ملنے کی توقع ہے جو کہ کل بجٹ کا 33 فیصد ہے۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کے لئے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ریسرچ گرانٹ 110 ملین سے بڑھا کر 120 ملین روپے مقرر کی ہے ۔سینڈیکیٹ کے اجلاس میں سلیکشن بورڈ مکمل کرنے کے سلسلے میں سفارشات کی منظوری دی گئی اجلاس میں ٹینور ٹریک اساتذہ کی ترقیوں کی بھی منظوری دی گئی ۔غریب طلباءکے مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آن کیمپس طلباءکی ٹیوشن اور ہاسٹل کی فیسوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی جانب سے تاریخی قومی اقدام کے تحت بلوچستان کے طلباءکو مفت تعلیم اور مفت رہائش کی سہولیات کے ساتھ ساتھ 3000 روپے ماہانہ فی طالب علم وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔خصوصی طلباءو طالبات کو بھی مفت تعلیم اور مفت رہائش دی جائے گی جبکہ سپورٹس کی بنیاد پر داخلہ لینے والے طلباءو طالبات کو مفت تعلیم اور حافظ قرآن کی ٹیوشن فیس معاف ہو گی۔ اوورسیز سکالرشپس کے لئے 7 کروڑ روپے، قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں کے لئے7 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ طلباءو طالبات کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پنجاب یونیورسٹی سکالرشپس، امور طلبائ، کرئیر کونسلنگ اور دیگر سرگرمیوں کے لئے 10 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرے گی۔