منہاج القرآن کے زیراہتمام سب سے زیادہ 22 ہزار مرد و خواتین اعتکاف بیٹھیں گے، داتا دربار 500، بادشاہی مسجد اور منصورہ میں سینکڑوں افراد سعادت حاصل کریں گے

لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور شہر میں مختلف اعتکاف بیٹھنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل ،ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ 16 ہزار سے زائدمرد جامع المنہاج ٹاو¿ن شپ اور 6 ہزار خواتین منہاج گرلز کالج میں اعتکاف بیٹھیں گی۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شہر اعتکاف میں روزانہ نماز تراویح کے بعد معتکفین سے خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے دروس اور خطابات سے استفادہ کیلئے شہر اعتکاف میں چار بڑی ایل ای ڈی سکرینز لگا دی گئی ہیں تاکہ معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔ اسی طرح جامعہ القادسیہ میں ساڑھے تین ہزار مرد خواتین کے اعتکاف میں بیٹھنے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ جبکہ روزانہ حافظ محمد سعید اعتکاف میں بیٹھے افراد کو قرآن پاک کے حوالے سے لیکچر بھی دیں گے۔ بادشاہی مسجد کے امام مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق بادشاہی مسجد میں تقریبا 600 سے 700 افراد اعتکاف پر بیٹھیں گے جن کی سحری اور افطاری کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ہیڈ کوارٹر منصورہ کی جامع مسجد میں سینکڑوں فرزندان توحید اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے ۔جامع منصورہ کی مسجد کمیٹی کے صدر سجاد احمد خان نیازی نے کہا کہ معتفکین کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ ان مبارک ایام میں عبادت و ریاضت کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کی رحمت اور مغفرت کو سمیٹ اور شب قدر کو تلاش کرسکیں۔