یورپی یونین جلد بکھر جائے گی، مسلمان اپنی یونین بنائیں: دفاع پاکستان کونسل

لاہور (سپیشل رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی پوری کوشش کے باوجود بھارت کو نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شامل نہیںکرا سکے۔ چین نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کر دیا۔ برطانیہ کی معیشت تباہی سے دوچار ہورہی ہے۔ یورپی یونین جلد بکھر جائے گی‘ مسلمان اپنی اسلامی یونین بنائیں۔ ڈالر اور پائونڈ کی غلامی سے نکل کر اپنی کرنسی تشکیل دی جائے۔ آج 26 جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی‘ قومی سیاسی و مذہبی قیادت خطاب کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین کونسل مولانا سمیع الحق، حافظ محمد سعید، مولانا محمد احمد لدھیانوی، لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خاں، مولانا فضل الرحمن خلیل اور عبداللہ گل نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا یورپی یونین کی ٹوٹ پھوٹ کے بعد مسلمانوں کیخلاف بنائے گئے نیٹو جیسے اتحاد بھی ختم ہو جائیں گے۔ امریکہ اور اس کے اتحادی پوری دنیا پر اپنا نیو ورلڈ آرڈر نافذ کرنا چاہتے تھے۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے دنیا بھر کے مسلم ملکوں میں دہشت گردی کی آگ بھڑکائی لیکن اب مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں دنیا کے حالات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ اب فرانس، جرمنی میں بھی اعلانات ہو رہے ہیں کہ ہم بھی یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائیں گے۔دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ بھارت سرکار جموں کشمیر میں پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں کے نام پر آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی حکومت مسلمانوں کی زمینیں چھین کر ہندوستانی فوجیوں کو بسا رہی ہے۔کنٹرول لائن پر باڑ لگانے کے بعد دیوار بنانے کی ہندوستانی کوششوں پر بین الاقوامی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ کشمیری قیادت کو رہا اور بھارتی فوجیوں کی آباد کاری کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیری حل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آ رہی۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کا کشمیر کے مسئلہ پر کردار انتہائی تکلیف دہ ہے۔