پری مون سون اور سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کی مکمل تیاری کی جائے: نسیم نواز
لاہور(خبر نگار)صوبائی سیکرٹری بلدیات کیپٹن(ر) نسیم نواز نے وزیراعلی شہبازشریف کی ہدایت پراٹک‘ حضرو اور پنڈی گھیب کا دورہ کیا اور سیلاب سے بچاﺅ کے انتظامات کا جائزہ لیا-انہوںنے محکمہ بلدیات کی مشینری کا بھی معائنہ کیا او ر موقع پر ہدایات جاری کیں-دورے کے دوران متعلقہ افسران و اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن(ر) نسیم نواز نے کہاکہ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے محکمہ بلدیات کے افسروں و اہلکاروں کی تربیتی ورکشاپس کا کام مکمل ہو چکا ہے اور ضروری آلات اور مشینری کی فراہمی کا کام جاری ہے جو چند دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ بارش اورسیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام محکمے سرگرم عمل ہیں-انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پری مون سون اورسیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے مکمل طو رپر تیاری کی جائے اور حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے-انہوںنے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں-انہوںنے کہاکہ بارشوں اور سیلاب سے پیداہونے والی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے محکمہ بلدیات کو الرٹ کر دیاگیا تا کہ کسی نا گہانی صورت میں لوگوں کی مددکو یقینی بنایا جاسکے۔