’’ دین اور ملک کی خاطر ہر قربانی کیلئے تیار رہنا چاہئے‘‘

لاہور(خبرنگارخصوصی) دو قومی نظریہ کی تبلیغ ایک مقدس مشن ہے اور جو افراد اس مشن سے منسلک ہیں وہ جزائے خیر کے مستحق ہیں۔ یہ باتیں جامعہ ہجویریہ مرکز معارف اولیاء داتا دربار کمپلیکس کے شیخ الحدیث مفتی محمد اقبال مصطفوی نے کیں۔ وہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے موبائل نظریاتی تعلیمی یونٹ نمبر1 کے زیراہتمام اپنے ادارے میں منعقدہ تقریب میں تقریر کررہے تھے۔ ادارے کے ایک سینئر استاد علامہ ریاض احمد چشتی‘ ادارے کے سربراہ مولانا بدرالزمان قاد ری نے خطاب کیا۔ پاکستان آگہی پروگرام کی جانب سے پروفیسر محمد سعید شیخ نے دو قومی نظریہ کی تعریف و تاریخ بیان کی۔ موبائل نظریاتی تعلیمی یونٹ نمبر2 پروفیسر محمد حنیف شاہد کی قیادت میں مدرسہ خدام اہلسنت تعلیم القرآن رجسٹرڈ محلہ کرم آباد وحدت روڈ گیا۔ مولانا مفتی شیر محمد علوی نے کہا قیام پاکستان کی جدوجہد میں پیران عظام نے خاص طور پر تاریخ ساز کردار ادا کیا تھا ۔ موبائل نظریاتی تعلیمی یونٹ نمبر3 پروفیسر عبدالسلام کی قیادت میں جامعہ مسجد اولیاء مدرسہ اسلامیہ صدیقیہ اتفاق ٹائون ملتان روڈ گیا۔ تقریب کی صدارت ادارے کے سربراہ چودھری محمد صدیق نے کی۔ ادارے کے انچارج سربراہ قاری مسعود احمد نے کہا ہمیں اپنے دین اور اپنے ملک کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔