پولیس کے تربیتی مراکز میں انسداد دہشت گردی کیلئے شارٹ ٹرم ٹریننگ کورسز

لاہور (نامہ نگار) پولیس کے تمام تربیتی مراکز میں خودکش حملوں اور دہشت گردی کے انسداد کیلئے شارٹ ٹرم ٹریننگ کورسز جاری ہیں۔ یہ بات گزشتہ روز انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب طارق سلیم ڈوگر کی صدارت میں منعقد ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں بتائی گئی جس میں موجودہ ملکی صورتحال کے تناظر میں دہشت گردی اور خودکش حملوں کے امکانی خطرات سے نبردآزما ہونے کیلئے پنجاب پولیس کے افسران و جوانوں کو جدید طرز پر ٹریننگ سے متعلقہ امور و معاملات پر غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پولیس فورس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹریننگ سے لیس کرنے کیلئے پولیس کے تمام تربیتی مراکز میں انتہائی تجربہ کار، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل پولیس افسران کو بطور پرنسپلز تعینات کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ تربیتی مراکز میں خود کش حملوں اور دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے انٹی ٹریرسٹ اور فیلڈ کرافٹ کے مختلف المدتی کورسز روبہ عمل ہیں جن میں پولیسنگ کے ملکی ماہرین کے ساتھ ساتھ غیرملکی ماہرین بھی لیکچرز دے رہے ہیں۔