بلوچستان کے مسائل سے ملک بڑے بحران میں مبتلا ہوسکتا ہے: جماعت اسلامی

لاہور (خصوصی رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کی سیاسی کمیٹی نے قرار دیا ہے اگر بلوچستان کے گھمبیر مسائل کا فوری سیاسی حل تلاش نہ کیا گیا تو ملک ایک بہت بڑے بحران میں مبتلاہوسکتا ہے۔گزشتہ روز سیاسی کمیٹی کا اجلاس مرکز جماعت اسلامی منصورہ میں کمیٹی کے صدر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر غفور احمد کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیاسی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، فرید احمد پراچہ، اسد اللہ بھٹو، سراج الحق، معراج الہدیٰ صدیقی، میاں محمداسلم ،عبدالحفیظ بجارانی، جاوید اقبال چیمہ، عبدالوحید قریشی، امیرالعظیم ،ڈاکٹر لیاقت علی کوثر،ڈاکٹر محمد کمال،میاں مقصود احمد اور ظفرجمال بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیااور جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس عاملہ اور مجلس شوریٰ کے لیے تجاویز مرتب کی گئیں۔ اس موقع پر چاروں صوبوں سے نمائندوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک بدترین دور سے گزر رہا ہے،حکمران تمام مسائل کا سیاسی حل نکالیں۔