جوڈیشل کمشن کی رپورٹ شائع نہ کرنا افسوسناک ہے : منظور وٹو
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے بنائے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ شائع نہ کرنا افسوسناک ہے، ماڈل ٹائون کیس میرٹ پر پورا اترے تو ضرور فوجی عدالت میں چلنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میاں منظور وٹو نے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ، جی ایم ملک، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ساجد بھٹی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ننکانہ کے ضمنی الیکشن ، ملکی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ننکانہ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کے حوالے سے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ننکانہ کی تنظیم اور کارکنان کی مشاورت کے بعد کسی امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ملاقات کے بعد میاں منظور وٹو کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 10 نکاتی ایجنڈے سے اتفاق کرنے والی ہر جماعت کے ساتھ سیاسی تعاون کیلئے تیار ہیں۔