اختلافی نوٹ پر اپیل کیلئے مشاورت کر رہے ہیں، عمران کا ویڈیو سازش ہے: رانا ثنا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے پانامہ کیس فیصلے کے اختلافی نوٹ پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کے لئے مشاورت کر رہے ہیں، قانونی گنجائش ہوئی تو پٹیشن دائر کریں گے۔ تحریک انصاف الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے بعد جے آئی ٹی پر دبائو کی مہم چلانا چاہتی ہے تاکہ وہ آزادی سے چل سکے، عمران خان کا ویڈیو میسج سازش ہے، سوشل میڈیا کے خلاف مہم عمران خان چلا رہے ہیں اختلافی نوٹ فیصلہ نہیں، اسے فیصلہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اطالوی ناول ایک ڈرامہ اور افسانہ جھوٹ و فراڈ ہے، پاکستانی مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی اپنی کتابوں سے مستفید ہوتے ہیں ہم کسی اطالوی ناول سے متاثر یا مرعوب نہیں ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری رائے ہے سپریم کورٹ نوٹس لے اختلافی نوٹ پر پروپیگنڈا درست نہیں۔ میڈیا اس بات کو یقینی بنائے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اختلافی نوٹ کو بطور فیصلہ پیش نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری کرپشن کے خلاف مہم چلارہے ہیں یہ قیامت کی نشانی ہے یہ دراصل کوشش ہے جے آئی ٹی کو سچ تک نہ پہنچنے دیا جائے ایسی بے معنی گفتگو کرکے رخ کہیں اور موڑا جائے۔ انہوں نے کہا اعتزاز احسن ذہانت فروش انسان ہیں کبھی گیس کوٹے کیلئے ذہانت فروخت کی، اس وقت سب سے بڑے لینڈ مافیا کے وکیل ہیں وہ ایسی تشریح دے رہا ہے کہ فلاں کا فلاں سے رشتے داری یا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا ہم کلیئر کریں گے کھوسہ اور شریف فیملی کا پچیس تیس سال کا تعلق ہے ناصر کھوسہ کا میرے لیڈر شہباز شریف کے ساتھ بھائیوں سے بڑھ کر تعلق ہے طارق کھوسہ کے ساتھ بہت اچھا گہرا تعلق ہے، کوئی دبائو یا تعلق ڈالنا ہوتا تو بات کر سکتے تھے یہ آٹھ ماہ میں ناصر کھوسہ ورلڈ بینک میں پاکستان کے نمائندے کے طور پر کام کررہے ہیں آپ کے بھائی سپریم کورٹ میں سفارش کر دیں کبھی ایسا نہیں ہوا۔