ہماری کوتاہیوں کے باعث عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ کمزور ہو رہا ہے: مقررین

لاہور (نیوز رپورٹر) آزادکشمیر حکومت کے قیام کامقصد آزادخطے کوبیس کیمپ بناتے ہوئے بھارت کے قبضے سے باقی ماندہ کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا تھا۔ ان خیالات کا اظہار مختلف مقررین نے کشمیرسنٹر لاہور کے زیراہتمام آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے67ویں یوم تاسیس کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ کشمیرکی مکمل آزادی کیلئے ہر سیاسی جماعت اورمکتب فکر کے لوگ ایک پلیٹ فارم پر متحدہیں۔ غلام عباس میر نے کہا کہ ہماری کوتاہیوں کے باعث عالمی سطح پر کشمیرکامسئلہ کمزورہو رہا ہے۔ بیگم زرقاجاوید نے کہا کہ آزادی اس وقت تک ہمارامقدرنہیں بن سکتی جب تک ہرکشمیری ایک وژن پر متفق نہ ہوجائے۔ سردارساجد محمودنے کہا کہ کشمیرسینٹرتمام سیاسی و سماجی جماعتوں کامتفقہ پلیٹ فارم ہے ۔ اعجاز احمدکیانی نے کہا کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے دادانے جہادِ کشمیر کے دوران شہادت پائی اور ان کی قبرآج بھی نانگاپیرمیں موجود ہے۔ مرزاصادق جرال نے کہا کہ مودی نے اپنی انتخابی مہم پاکستان کی مخالفت میں چلائی ہمیں بھی اپناانتخابی منشوربھارت کیخلاف بنانا چاہئے۔ تقریب سے سردارنجیب اکبرایڈووکیٹ انجینئرمشتاق محمود ، منظورحسین گیلانی، راجہ شیر زمان، سردار انور خان، شہزاد احمد، مبشر منیر اعوان ایڈووکیٹ، عبداللطیف چغتائی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔