محرم الحرام : لاہور میں فوج اور رینجرز کے دستے سٹینڈبائی رہیں گے 9، 10کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی

لاہور (نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر) لاہور میں محرم الحرام کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ خدشات اور کسی ہنگامی صورت حال سے نبٹنے کیلئے فوج اور رینجرز کے دستے سٹینڈبائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ یہ فیصلے گزشتہ روز کور کمانڈر لاہور کی صدارت میں سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس میں کئے گئے جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے موقع پر فوج کی 6 اور رینجرز کی 3 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی جو بطور کوئیک رسپانس فورس کام کریں گی۔ 9 اور 10 محرم کو جلوس اور شہر کی نگرانی کے لئے دو ہیلی کاپٹر فوج مہیا کریگی۔ دوسری جانب حکومت پنجاب نے سپیشل برانچ سے سراغ رساں کتوں حساس اضلاع میں بھجوانے کی ہدایت کر دی گئی ہیں جبکہ فوج کے سینٹر سے 20 مزید کتوں کی کرائے پر خدمات مانگی لی گئی ہیں۔