لوڈشیڈنگ جاری، محرم میں بجلی کی زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے: وزارت پانی و بجلی

لاہور + اسلام آباد (نمائندگان + ایجنسیاں) لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ وزارت پانی وبجلی نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کو یقینی بنائیں۔ گزشتہ روز ایک بیان میں تقسیم کار کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے عملے کی بہتر کارکردگی کیلئے ضلعی اورمقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی کی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے کاروبار تباہ اور معمولات زندگی کو مفلوج بنا کر رکھ دیا۔ گوجرانوالہ ریجن میں بدترین اور غیر ا علانیہ لوڈ شیڈنگ 16 گھنٹوں سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں ایک بار پھر اضافہ ہونے سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے۔ علاوہ ازیں حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سردیوں میں 100ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا، سی این جی سٹیشن بھی سردیوں کے تین ماہ کیلئے بند کئے جائیں گے، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی دھمکی پر حکومت گھریلو صارفین کے کوٹے کی گیس ٹیکسٹائل ملوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، جلد ای سی سی سے منظور کرایا جائیگا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے آئندہ موسم سرمامیں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی معطل نہ کرنے کا بنیادی فیصلہ کر لیا ہے جس کے مطابق ٹیکسٹائل ملوں کو کیپٹیو پاور سٹیشنوں کیلئے 100 ملین مکعب فٹ یومیہ اضافی گیس فراہم کی جائیگی۔