عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے جماعت اہلحدیث کے کئی شہروں میں مظاہرے، ریلیاں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلحدیث کے زیراہتمام ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے ملک گیر مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد عافیہ صدیقی کی رہائی میں حکمرانوں کی بے حسی اور جھوٹے دعووں کے خلاف لاہور میں مولانا شاہد جانباز، مولانا بشیر سلفی، مولانا سلمان عادل، شیخوپورہ میں حافظ رفیق شاہد اور گوجرانوالہ میں مولانا سلمان شاکر کی قیادت میں جبکہ مریدکے، گجرات، لالہ موسیٰ، منڈی بہائوالدین، اوکاڑہ، ملتان سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروںاور آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مرکزی احتجاجی مظاہرہ لاہور میں جامعہ دارالقدس چوک دالگراں میں ہوا جس میں کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر امریکہ کی بربریت اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف نعرے درج تھے جبکہ امریکہ کی دوغلی پالیسی اور مکاریوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی نے خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے دعوے کرنے والے مکاری و عیاری سے کام لیتے رہے اور غمزدہ خاندان کے جذبات سے کھیلتے رہے۔ انہوں نے حکمرانوں کی غیر سنجیدگی اور بے حسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا سابقہ حکومتوں سمیت تمام سیاستدانوںکی بدنیتی قوم پر واضح ہو چکی اور جھوٹے وعدوں کی قلعی بھی کھل چکی ہے۔ سیاستدانوں نے گیارہ برسوں سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہی نہیں۔