سازشوں کے باوجود جمہوریت، عوام حقوق کا دفاع کریں گے: نواز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر‘آئی این پی‘نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف سے جاتی امراء میں پارٹی کارکنوں نے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی راستہ نہیں‘ جمہوری اداروں کی سربلندی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘ ہمیں کوئی طاقت کارکنوں اور عوام کے دل سے نہیں نکال سکتی۔ جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد جاتی امرا میں کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ کارکن میاں نوازشریف کے ساتھ تصاویر بھی بنواتے رہے۔ نوازشریف نے کہا کہ ہم اقتدار نہیں اقدار کی جنگ لڑ رہے اور تمام تر سازشوں کے باوجود ہم ملک میں جمہوریت اور عوام کے حقوق کا دفاع کریں گے۔ نوازشریف نے اپنے والد میاں محمد شریف مرحوم کی قبر پر حاضری دی جہاں تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ کی سعادت مسلم لیگی کارکنوں نے حاصل کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر‘ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق‘ سینیٹر پرویز رشید‘ سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی اور مسلم لیگی کارکن بھی موجود تھے۔ نوازشریف نے کہاکہ جمہوریت پاکستان کی تقدیر ہے‘ جمہوریت کے سوا کوئی راستہ ملک کے لئے بہتر نہیں ہے‘ ووٹ کا تقدس اور عوام کا حق حکمرانی محفوظ بنایا جانا ضروری ہے، ہم جمہوری اداروں کی سربلندی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔