دھرنوں ‘ لاک ڈاؤن کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا :شہبازشریف
لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تبدیلی کے وعدوں کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اورہمارے ترقیاتی منصوبے اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہی کارنامہ ہے ۔گزشتہ حکومتوں نے اپنے ادوار میں ایک میگاواٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی ۔ ان خیالا ت کا اظہار وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوںنے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست کے باوجود ملک کی ترقی کا سفر رکنے نہیں دیااور خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی اورملک کی خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔ عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اربوں روپے کے وسائل پنجاب کے عوام کے قدموں پر نچھاور کر کے انہیں ان کا حق لوٹایا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اخلاص سے کی گئی کاوشوں کی بدولت پاکستان اپنی منزل کے قریب ہے اورملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں سینیٹر محمد ظفراللہ خان ، اراکین قومی اسمبلی محمدافضل خان ،ناصر اقبال بوسال ، ساجد مہدی ،وزیر مملکت محسن شاہنواز رانجھا، صوبائی وزیر حمیدہ وحید الدین،اراکین پنجاب اسمبلی محمد عون عباس اورخرم اعجاز چٹھہ شامل تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے محمد ادریس، ان کی اہلیہ نسیم بی بی اور ان کی بیٹی مدیحہ نے گزشتہ روز لاہور میں یہاں دوبارہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بزرگ جوڑے کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انصاف کے قرینوں کے مطابق آپ کا معاملہ حل کیا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے کے معاملے کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق، کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او ملتان شامل ہوں گے۔کمیٹی آئندہ 3 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی اورانصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملے کا حل تلاش کرکے اپنی سفارشات دے گی۔ وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے آپ سے ناروا سلوک کیا ہے، ان کے خلاف پہلے ہی ایکشن لیا جا چکا ہے، تاہم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اس ضمن میں کوئی اور ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ قبل ازیں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ممبر منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سپیشل برانچ، سیکرٹری لائیوسٹاک، کمشنر ملتان ڈویژن، کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری، ڈپٹی کمشنر ملتان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔