دھرنوں، لاک ڈائون کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا :شہباز شریف
لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تبدیلی کے وعدوں کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اورہمارے ترقیاتی منصوبے اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہی کارنامہ ہے ۔گزشتہ حکومتوں نے اپنے ادوار میں ایک میگاواٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی جبکہ ہمارے دور میں بجلی کے کارخانے ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے قوم کو طویل لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی گئی ہے اورتوانائی کے میگا پراجیکٹس میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک مثال قائم کی گئی ہے۔ ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنا پاکستان مسلم لیگ(ن) کا بڑا کریڈٹ ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوںنے یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست کے باوجود ملک کی ترقی کا سفر رکنے نہیں دیااور خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی اورملک کی خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اور عوا م کی خدمت کو ہی ہمیشہ اپنا شعار بنایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پرامن اور مستحکم پاکستان کیلئے دل و جان سے کام کر رہے ہیں۔اقربا پروری ، لوٹ مار اور کرپشن کو دفن کرکے شفافیت اور میرٹ کو اپنایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی کاوشوں کے نتائج عوام کے سامنے ہیں۔انہوںنے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پا کر عوام کو اندھیروں سے نجات دلائی ہے اوربجلی کے کارخانوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خدمت مشن ہے اور اسے جاری رکھیں گے۔ شہباز شریف سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے محمد ادریس، ان کی اہلیہ نسیم بی بی اور ان کی بیٹی مدیحہ نے یہاں دوبارہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بزرگ جوڑے کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انصاف کے قرینوں کے مطابق آپ کا معاملہ حل کیا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے کے معاملے کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق، کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او ملتان شامل ہوں گے۔کمیٹی آئندہ 3 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی اورانصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملے کا حل تلاش کرکے اپنی سفارشات دے گی۔