پاکستان میں دھماکوں‘ خودکش حملوں میں بھارت ملوث ہے، حافظ سعید
لاہور (این این آئی) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ میری کوئی ذاتی لڑائی نہیں ، پاکستان اور کشمیر کی آزادی کا کیس لڑرہا ہوں ، اسی پاداش میں پر نظربند کیا گیا مگر آزاد عدلیہ نے انصاف کیا،جس دن پاکستان کے حکمران اپنے فیصلے خود کرنے لگ گئے تو باہر سے دبائو آنا بند ہو جائے گا،پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی و تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے اس کے ایجنٹوں کو ملک سے باہر نکالنا ہوگا،بھارت سے مذاکرات مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجیوں کی واپسی سے مشروط ہونے چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دس ماہ کی نظربندی سے رہائی کے بعد جامع مسجد القادسیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ہزاروں مردو خواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔حافظ محمد سعید جب مرکز القادسیہ پہنچے تو کارکنان نے انکا بھر پور استقبال کیا۔پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور حافظ محمد سعید سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ و دیگر نعرے لگائے جاتے رہے۔حافظ محمد سعید کی رہائی کے بعد مرکز القادسیہ میں جمعہ کے اجتماع میں شہر بھر سے لوگوں نے شرکت کی۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ہونے والے دھماکے،خود کش حملوں میں بھارت ملوث ہے ،حکومت اپنی اصلاح کرے۔جب تک کلبھوشن جیسے بدمعاش پاکستان میں آتے رہیں گے امن قائم نہیں ہو سکتا۔ان کو ملک سے نکالنا چاہئے۔اس سلسلہ میںبڑے بنیادی فیصلوں کی ضرورت ہے۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں انڈیا ملوث ہے لیکن کوئی نہیں بولتا۔انہوں نے کہا کہ نظربندیاں،پابندیاں،جماعت کے خلاف اقدامات بڑ ے عرصے سے ہو رہے ہیں۔گھبراہٹ ،پریشانی والی کوئی بات نہیں۔ہمارا دنیا میں کوئی مفاد نہیں،سارا مفاد اللہ کا دین ہے۔دنیا ناراض ہوتی ہے تو ہو جائے۔امریکہ و بھارت جو مرضی کہتے رہیں ہم نے اللہ کے دین کے لئے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے عدالت میں کھڑے ہو کر کہا کہ میرا مسئلہ ذات کا نہیں میں پاکستان کی آزادی،کشمیر کی آزادی کا کیس لڑ رہا ہوں۔میرے خلاف وزارتوں کے نمائندے عدالتوں میں فائلیں لے کر پیش ہوئے کہ ہمیں قرضے نہیں ملیں گے،قسطیں نہیں ملیں گی۔میں نے کہا کہ میری گرفتاری سے ملک چلے گا اور آزادی سے نہیں چلے گا یہ مفروضہ غلط ہے۔سود کی قسطیں ادا کرنے کے لئے قرض مانگا جا رہا ہے۔مسلمان ملک سودی کاروباروں پر نہیں چل سکتے۔قرضوں کے حصول کے لئے شرطیں لگائی جاتی ہیں کہ حافظ محمد سعید کو گرفتار کرو،کشمیر کی بات نہ کرو۔پاکستان کے حکمران قانون سازیاں کرنے والے اللہ کے دین پر کھڑ ے ہو جائیں۔