کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ ایکشن لے: مذہبی، کشمیری رہنما

لاہور (نیوز رپورٹر + سٹاف رپورٹر) بھارتی جنتا پارٹی کی جانب سے کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے اور آزاد کشمیر کو بھارت کے حوالے کرنے کے مطالبے پر پاکستان کے مذہبی رہنماﺅں و کشمیری رہنماﺅں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے صادق جرال، نصیب اللہ گردیزی، مولانا امیر حمزہ، مولانا امجد، ابوالخیر زبیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی رجسٹری پاکستان کے نام پر ہو چکی انتقال بھی موجود ہے جس کا ثبوت اقوام متحدہ میں موجود ہے۔ مذہبی رہنماﺅں نے کہا کہ عالمی دنیا کو خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہئے، کشمیریوں پر بھارت کی جانب سے ہونیوالے ظلم پر اقوام متحدہ کو بھی ایکشن لینا چاہئے، بھارت نے ہمیشہ مکاری اور وعدہ خلافی سے کام لیا لیکن وہ کشمیر پر اپنا قبضہ اب زیادہ دیر تک نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت سے مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کا فوری حل آئندہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔