پنجاب اسمبلی: مسلم لیگ ن نے مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز شروع کر دیے

لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے اضافی فہرست کو حتمی شکل دینے کےلئے امیدواروں کے انٹرویوز شروع کر دیئے، تمام اقلیتی نشستیں بھی مسلم لیگ (ن)کو ملنے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کےلئے 58 ناموں پر مشتمل فہرست الیکشن کمیشن کو جمع کرائی تھی، توقع سے زیادہ نشستوں پر کامیابی اور آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ (ن) کی ترجیحی فہرست کم پڑ گئی تھی۔ نئی صورتحال میں نون لیگ کو آٹھ اضافی نشستیں ملیں گی جس کےلئے پارٹی قیادت نے امیدواروں کے انٹرویوز شروع کر دیئے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کی آٹھوں مخصوص نشستیں مسلم لیگ (ن )کو ملنے کا قوی امکان ہے کیونکہ کسی بھی جماعت کو مخصوص اقلیتی نشست پر کامیابی کیلئے 37 ارکان درکار ہوں گے جو کسی کے پاس نہیں۔