پاکستان عوامی تحریک کا یوم تاسیس آج منایا جائے گا

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عاقل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کا 24 واں یوم تاسیس آج مرکزی‘ صوبائی‘ ضلعی اور تحصیلی سطح پر نہایت جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ”بدلے گا نظام، تب بدلے گا پاکستان “ کے عنوان سے پاکستان سمیت پوری دنیا میںسیمینارز منعقد ہونگے۔ جن میں قائدین پاکستان عوامی تحریک یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک کاٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے 24ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقد ہ تقاریب کےلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے تیاریوں کی رپورٹ لیتے ہوئے کیا۔ صدر فیڈرل کونسل ڈاکٹر حسین محی الدین القادری مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہونے والی تقریب کی صدارت کریں گے۔