پاکستان، چین تعاون خطے میں استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے: عوامی حلقے

لاہور (کلچرل رپورٹر) چین کی طرف سے پاکستان کو توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے شعبے میں تعاون کی پیشکش اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس پر اتفاق کا عوامی حلقوں نے زبردست خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین تعاون خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کلچرل ونگ کی سابق نائب صدر مسز ملک نے کہا ہے کہ چین ہمارا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ملکوں کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ پاکستان اس وقت انرجی بحران کا شکار ہے۔ میاں نواز شریف نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے چین سے تعاون حاصل کرنے کا اچھا فیصلہ کیا ہے۔ جوہر ٹاﺅن کے رہائشی مرزا جاوید نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے جینا محال کر دیا ہے۔ لہٰذا توانائی بحران جلد حل ہونا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) نے بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا ہے اور عوام کو ان پر بہت سی توقعات ہیں۔ اچھرہ کے رہائشی غلام مصطفی نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے انرجی بحران کے حل میں تعاون کی پیش کش خوش آئند ہے۔ پاکستان کی حکومت کو چاہئے کہ اس پراجیکٹ پر فوری طور پر کام شروع کر دے۔ باغپانپورہ کے رہائشی اشرف جاوید نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ایک طرف عوام گرمی میں روسٹ ہو رہے ہیں تو دوسری طرف انڈسٹری کا پہیہ رک گیا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ چین کے تعاون سے بجلی کے بحران پر جلد قابو پایا جائے۔