میاں نوازشریف کی قیادت میں عوامی مسائل حل کر کے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے : سائستہ پرویز ملک

میاں نوازشریف کی قیادت میں عوامی مسائل حل کر کے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے : سائستہ پرویز ملک

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) مسلم لیگ ن شعبہ خواتین لاہور کی چیف آرگنائزر شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش لاتعداد چیلنجز کے باوجود مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی مسائل حل کر کے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی، تحریک انصاف سے ہمارا ووٹ بنک خراب نہیں ہوا بلکہ پیپلزپارٹی کے ووٹر نے مایوس ہو کر تحریک انصاف کو ووٹ دیا ہے۔ میاں نواز شریف عوام سے اپنے پہلے خطاب میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ریلیف کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف برسراقتدار آجاتی تو اسے دو تین برس ملک کے مسائل کو
سمجھنے میں لگ جاتے۔ تحریک انصاف اپنی شکست کو تسلیم کر کے اپوزیشن میں رہ کر اپنا قومی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی خواتین کیلئے الیکشن لڑنا آسان نہیں، کیونکہ تبدیلی کے باوجود خواتین کے حوالے سے مائنڈ سیٹ ابھی تبدیل نہیں ہوا تاہم میں نے ڈائریکٹ الیکشن کیلئے لاہور کی صوبائی نشست پر بھی اپلائی کیا تھا مگر پارٹی نے میرا نام قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی فہرست میں شامل کر دیا جو ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی مرتبہ اسمبلی جا رہی ہوں یہاں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا اور میں اپنے تجربے کو بھی کام میں لا¶نگی، سماجی شعبے میں طویل خدمات کے باعث میں اپنے لوگوں کے مسائل سے آگاہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں قومی اسمبلی میں پہنچ کر خواتین اور ایجوکیشن کیلئے کام کرونگی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سولہ سال تک اقتدار سے دور رکھا گیا اس لئے آج کے نوجوان بچے میاں نواز شریف کی شخصیت اور خدمات سے آگاہ نہیں ہیں، انہیں ورغلایا گیا ہے مگر وہ جلد ہی جان لیں گے اصل تبدیلی کون لایا ہے اور کون آئندہ بھی لائے گا۔