محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں کے پارکنگ سٹیڈ نیلام کر دیئے

لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں فری پارکنگ ختم کر دی اور پارکنگ سٹینڈ کو نیلام کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فری پارکنگ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں گاڑیاں، موٹرسائیکل اور سائیکلوں کی چوری میں کئی گنا اضافہ ہو گیا تھا جبکہ متاثرہ شہریوں کو کہیں بھی انصاف نہیں مل رہا تھا۔ محکمہ صحت پنجاب نے اس صورتحال کے بعد فری پارکنگ ختم کی ہے۔ میو ہسپتال کا پارکنگ سٹینڈ 2 کروڑ روپے، جناح ہسپتال کا ٹھیکہ 1 کروڑ 15 لاکھ روپے، سروسز ہسپتال کا ٹھیکہ 44 لاکھ روپے جبکہ گنگارام ہسپتال کی نیلامی کم آنے پر نیلامی منسوخ کر دی گئی۔ جنرل ہسپتال ایک برس سے پارکنگ فیس وصول کر رہا ہے۔ چلڈرن، گلاب دیوی، ڈینٹل ہسپتال سمیت دیگر کے پارکنگ سٹینڈ کی نیلامی کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 2008ءمیں پارکنگ فیس ختم کی تھی جس سے عوام کو ریلیف ملا تھا۔