ایل ڈی اے پلازہ کی 3 منزلیںگرانے کی سفارش، رپورٹ نجم سیٹھی کو پیش

لاہور (خصوصی رپورٹر + این این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کو ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ کی انکوائری رپورٹ پیش کر دی گئی۔ جس میں پلازہ کی مخدوش ساتویں، آٹھویں اور نویں منزل گرانے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ واقعہ میں مجرمانہ غفلت کا تعین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کرے گی جس کے بعد محکمانہ اور مجرمانہ غفلت برتنے پر کارروائی متعلقہ ادارے کریں گے۔ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے شہر کی تمام بڑی عمارتوں کامکمل سروے کیا جائے اور ایل ڈی اے اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اپنی اپنی حدود میں بڑی عمارات میں فائر فائٹنگ آلات کی موجودگی‘ ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی اخراج کے راستوں‘ بجلی کی تاروں کی انسپکشن اور دیگر حفاظتی و احتیاطی انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات کریں۔ نگران وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز اجلاس کے دوران ریسکیو 1122 کی استعداد کار میں اضافے کےلئے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثنا رپورٹ میں کہا گیا ہے آتشزدگی کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران مختلف اداروں میں باہمی رابطے کا فقدان تھا۔ آگ لگنے کی وجوہات بجلی کی پرانی تاریں اور ان کی دیکھ بھال نہ ہونا ہے۔ پلازے کی چھت پر نصب ٹاورز کے باعث ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ پیش آئی۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے ایل ڈی اے پلازہ میں احتیاطی اقدامات تسلی بخش تھے نہ عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ایمرجنسی اخراج کا کوئی بندوبست تھا۔ دریں اثنا نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی کی زیر صدارت پنجاب کی نگران کابینہ کا الوداعی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران گندم کی خریداری مہم، خسرہ، پولیو اور ڈینگی سے بچاﺅ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا کابینہ کے اجلاس کے دوران عام انتخابات اور سوشل سیکٹر کے حوالے سے کئے گئے نگران حکومت کے اقدامات کو سراہا گیا۔ کابینہ نے وزیراعلی نجم سیٹھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی نجم سیٹھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت نے انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے موثر انتظامات کئے جنہیں غیر ملکی مبصرین اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت نے مینڈیٹ کے مطابق قومی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے باوجود محکمہ خوراک کی شاندار کاوشوں کی بدولت اب تک 29 لاکھ ٹن سے زائد گندم کاشتکاروں سے خریدی جا چکی ہے۔ ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور کسی بھی ممکنہ ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کیلئے موثر انتظامات کئے گئے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ قوم کے نونہالوں کو خسرہ سے بچانے کے لئے محکمہ صحت اپنا متحرک کردار جاری رکھے۔ انہوں نے کاہ کہ نگران حکومت نے اپنی قومی ذمہ داری ایمانداری محنت اور دیانتداری سے سرانجام دی ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ ہماری نگران حکومت کا کوئی کرپشن یا کوئی اور سکینڈل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی کوئی ہم پر انگلی اٹھا سکا۔ علاوہ ازیں نجم سیٹھی نے صوبائی کابینہ، سیکرٹریوں ڈویژنل اور ضلعی افسروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔