امریکی سفیر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں تلخیاں دور کرانے کے لئے سرگرم ہیں: ذرائع

لاہور (آئی این پی) نئی جمہوری حکومت کے اقتدار سنبھالنے سے قبل امریکی‘ بھارتی اور یورپی ممالک کے سفیروں کی سرگرمیاں زور پکڑ گئیں‘ مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف اور 11 مئی کے انتخابات میں حیران کن انتخابی نتائج دینے والی پارٹی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سفارتکاروں کی توجہ کا خاص مرکز بنے ہوئے ہیں۔ جمعہ کو غیر ملکی سفیروں کی غیر معمولی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں‘ رائے ونڈ میں نوازشریف سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال اور پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جبکہ امریکی سفیر نے بعدازاں زمان پارک میں عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق امریکی سفیر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں انتخابی نتائج سے پیدا تلخیوں کو دور کرانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔