حکمران قوم کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سنجیدہ نہیں: جہانگیر ترین
لاہور(خصوصی رپورٹر+خصوصی نامہ نگار)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے ،حکمرانوںنے ملک کو مسائلستان بنا دیا ہے ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں حکمران قوم کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے سنجیدہ ہی نہیں۔ وہ گزشتہ روز چئرمین سیکریٹیریٹ میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی گوجرنوالہ ڈویژن کے امیدوارن کے اجلاس میں صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے تفصیل سے تبادلہ خیال اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا گیا ، اجلاس میںغلام محی الدین دیوان، عمر ڈار ، برگیڈئیر ر اسلم گھمن، محمد حسین سرگالہ ، چوہدری مقبول، اکمل سرگالہ، ندیم نثار، سعید ڈار، ثاقب سلیم بٹ و دیگر نے شرکت کی ۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ سیاسی میدان میں تحریک انصاف کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، غلام محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کو پر امن اور صاف شفاف بنانے کے لئے فوج کی تعینات اشد ضروری ہے۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا کہ کرپشن پر ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے والے نہیں، لگتا ہے فیصلہ سڑکوں پر ہوگا، عید کے بعد فیصلہ کن تحریک چلائیں گے کوئی اپوزیشن جماعت خاموش نہیں بیٹھے گی، تمام جماعتیں مشترکہ پلیٹ فارم سے قوم کا پیسہ واپس لانے کیلئے پر عزم ہیں۔