’’سیلف فنانس پر داخلہ لینے والے طلباء سے نارمل فیس وصول کی جائے‘‘

لاہور(سٹی رپورٹر) سیلف فنانس پر میڈیکل کالجز میں داخلہ لینے والے طلباء سے نارمل فیس وصولی کی جائے، کیوں کہ وزیراعلیٰ نے سیلف فنانس کو ختم کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیرنٹس ایسوسی ایشن میڈیکل سیلف فنانس سٹوڈنٹس کے صدر صفدر جمیل، سیکرٹری ملک محمد حیدر، نمائندے عثمان غنی اور صابر علی نے ایوان وقت میں کیا۔ انہوں نے کہا جب وزیر اعلٰی پنجاب نے سیلف فنانس سکیم ہی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ختم کر دیا ہے تو فیس کا تقاضہ کرنا زیادتی ہے۔ ایک پرائیویٹ کالج کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کالج میں زیر تعلیم طلبہ اب بھی سرکاری کالجوں کی نسبت کئی گنا کم فیسیں ادا کر رہے ہیں۔ بیوروکریسی وزیراعلیٰ کے احکامات پر عمل درآمد سے گریزاں ہے۔