سونا سمگلنگ کرنیوالی ائرہوسٹس کو ملازمت سے برخاست، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
لاہور (خبر نگار+ اپنے نامہ نگار سے) پی آئی اے انتظامیہ نے سونا سمگلنگ کرنے والی سینئر ائیر ہوسٹس مسز نزہت بخاری کو ملازمت سے برخاست کر دیا۔ مسز نزہت بخاری کوگزشتہ روز لاہور سے نیو یارک جانے والی پرواز پی کے721 پر سوار ہوتے ہوئے اس وقت سکیورٹی نے حراست میں لے لیا تھا جب اس کے سامان سے سونے کے چھ پیکٹ برآمد ہوئے۔ ملزمہ نے کسٹم حکام کی تحقیقات میں اعتراف کیا کہ وہ فلائٹ کے دیگر عملے کے ہمراہ شاہراہ قائداعظم پر فائیو سٹار ہوٹل میں مقیم تھی جہاں ایک شخص نے اُسے سونے کے یہ 6 پیکٹ مانچسٹر پہنچانے کیلئے حوالے کئے تھے۔ اس نے مزید بتایا کہ اس کے ایک سینئر ساتھی نے کچھ عرصہ قبل سونا دینے والے فرد سے مانچسٹر میں ملوایا تھا۔ دریں اثنا سپیشل جج کسٹم چودھری امیر خان نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔ کسٹم پولیس نے اسے عدالت میں پیش کرکے تفتیش کیلئے ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔