بیکن ہائوس کے زیراہتمام ہائی ایچیور ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد
اسلام آباد (پ ر) بیکن ہائوس نارتھ ریجن کے زیراہتمام کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہائی ایچیور ایوارڈ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں کیمرج انٹرنیشنل امتحانات کے OاورAلیول اور میٹرک کے امتحانات میں امتیازی پوزیشنیں حاصل کرنے والے سات سو سے زائد طلبہ وطالبات کو ایوارڈ دیئے گئے، ماہر تعلیم، سابقہ ممبر قومی اسمبلی اور وزیراعظم کی مشیر برائے سوشل سیکٹر بیگم شہناز وزیرعلی مہمان خصوصی تھیں، تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اسد عمر نے تقریب خصوصی خطاب کیا اور پرویز ہود بائی بھی خصوصی مہمانوں میں شامل تھے، علاوہ ازیں بنگلہ دیش، بیلجیم انڈونیشیا، ملائشیا ، اومان، فلپائن، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے سفراء نے بھی شرکت کی، واضح ہو کہ بیکن ہائوس پاکستان کے علاوہ دنیا کے 9اہم ترین ملکوں میں اپنا تعلیمی نظام چلا رہا ہے۔ تقریب میں سال 2013 اور 2014 کے دوران نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو ایوارڈز دیئے گئے، بیکن ہائوس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر قصوری نے سپاس نامہ پیش کیا، انہوں نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ وطالبات کو مبارکباد پیش کی اور طلبہ سمیت اساتذہ کو بھی اپنا بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کی مہمان خصوصی شہناز وزیرعلی نے سال 2013 اور 2014 کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں میڈلز، شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔