گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ، 10 سے 16 گھنٹے بجلی بند
لاہور (نامہ نگاران + این این آئی) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے اور شارٹ فال بڑھ کر 2600 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ شہروں اور دیہات میں 10 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے جبکہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شیخوپورہ میں 3 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے۔ گوجرہ میں 16 گھنٹے تک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16جبکہ دیہات میں 18گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے کے باعث کاروباری زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ہے مسلسل 3,3 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث گھروں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں کئی شہروں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں 12 سے 14گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے کاروباری زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف دوسہرہ گرائونڈ، جنڈیالہ روڈ اور رحمت کالونی میں احتجاجی مظاہرہ بھی کئے گئے۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق ایک بار پھر لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بجلی کی بندش سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ تاجروں کو بھی پریشانی کا سامنا رہا۔ طویل لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق لاہور میں چونگی امرسدھو اور شاہدرہ میں شہریوں کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران بجلی کے بل بھی نذر آتش کئے گئے۔