تحریک انصاف کے رہنماﺅں کا اجلاس، 28 ستمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی پر غور
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف لاہور کے تمام لیڈر 28 ستمبر کو جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ گذشتہ روز تحریک انصاف لاہور کے دفتر میں صدر اعجاز چودھری، مرکزی نائب صدر محمودالرشید اور صدر لاہور عبدالعلیم خان سمیت دیگر عہدیداران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مستعفی ہونے والے پنجاب اسمبلی کے ارکان اور سینئر کارکنان اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے اور جلسہ عام کے انتظامات کے سلسلے میں تجاویز پیش کیں۔ یوتھ ونگ اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے سکیورٹی انتظامات سنبھالنے کی پیشکش کی جسے قبول کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ قومی وصوبائی اسمبلی کے ممبر وٹکٹ ہولڈر اپنے ٹاﺅن صدور کے ہمراہ اپنے اپنے علاقوں سے جلوس لے کر مینارپاکستان پہنچیں گے۔ اس موقع پر صدر لاہور عبدالعلیم خان نے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیں جن میں شعیب صدیقی، میاں افتخار، عامر شیخ، ڈاکٹر زرقا، حافظ فرحت، جمشید اقبال چیمہ، نذیر چوہان، جمشید بٹ، محمد مدنی، فرخ مون، یاسر گیلانی، منشا سندھو ودیگر شامل ہیں۔