اقبال ٹاﺅن کے شعبہ ٹاﺅن پلاننگ نے ماسٹر پلان اور قواعد و ضوابط کی دھجیاں بکھیر دیں
لاہور (خبرنگار) اقبال ٹاﺅن کے شعبہ ٹاﺅن پلاننگ نے گذشتہ 3 برسوں میں ماسٹر پلان اور قواعد وضوابط کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے رائے ونڈ روڈ اور دیگر اہم سڑکوں، ملتان روڈ، کینال بینک روڈ ودیگر اہم علاقوں میں سینکڑوں کمرشل، صنعتی نقشے منظور کر کے کثیرالمنزلہ عمارتیں بھی بنوا دیں۔ رائے ونڈ روڈ اور کینال بینک روڈ پر 2011ءسے کمرشل اور صنعتی تعمیرات پر پابندی کی جا چکی ہے۔ اقبال ٹاﺅن انتظامیہ نے یہ تمام کمرشل اور صنعتی نقشے اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے منظور کیے۔ یہ علاقے علامہ اقبال ٹاﺅن کی حدود میں ضرور ہیں مگر ان علاقوں کا بلڈنگ کنٹرول کئی برسوں سے ایل ڈی اے کے حوالے کیا جا چکا ہے۔ اقبال ٹاﺅن انتظامیہ نے ہڈیارہ، ڈیفنس روڈ اور اجتماع رائے ونڈ روڈ پر بھی غیرقانونی طور پر رہائشی اور زرعی علاقے میں کمرشل اور صنعتی نقشے منظور کر ڈالے۔ اقبال ٹاﺅن انتظامیہ نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کر کے گذشتہ 3 برسوں میں درجنوں ہاﺅسنگ سکیمیں اور لینڈلب ڈویژن کی اجازت بھی دے ڈالی جس کی وجہ سے حکومت کو اب علاقوں میں انفراسٹرکچر اور شہر کی دوسری سہولیات تعمیر کرنے کا کام بعد از کمرشل وصنعتی ورہائشی تعمیرات کرنا پڑ رہا ہے۔ رائے ونڈ روڈ کا کنٹرول ایل ڈی اے کے پاس ہے مگر یہاں پر بھی غیرقانونی طور پر رہائشی سکیمیں منظور کی ہیں جس کی وجہ سے ان غیرقانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے مالکان نے سادہ لوح افراد سے لاکھوں، کروڑوں روپے وصول کیے ہیں۔