این اے 149 ملتان: مسلم لیگ ن کے طارق رشید ‘بلال بٹ ٹکٹ کے امیدوار تھے
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) نے مخدوم جاوید ہاشمی کے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ سے خالی ہونے والی این اے 149 ملتان کی نشست کو اوپن چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں حمزہ شہباز نے کی۔ اس اجلاس میں شرکت کے لئے ملتان سے سابق ٹکٹ ہولڈر این اے 149 شیخ طارق رشید اور ضلع ملتان کے صدر بلال بٹ خصوصی طور پر آئے تھے۔ شیخ طارق رشید اور بلال بٹ دونوں ہی ضمنی الیکشن میں مخدوم جاوید ہاشمی کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے امیدوار تھے تاہم ان کی امیدوں پر اس وقت اوس پڑ گئی جب اجلاس کے آغاز ہی میں میاں حمزہ شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کا این اے 149 ملتان کو اوپن چھوڑنے کا فیصلہ سنایا۔