سیلاب، پنجاب میں 73 واٹر سپلائی سکیمیں 236 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ متاثر ہوئے
لاہور (خبرنگار) دریائے چناب میں آنے والے تاریخ کے بدترین سیلاب سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں 73 واٹر سپلائی سکیمیں اور 236 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بری طرح متاثر ہوئے۔ ان تمام کو پہنچنے والے نقصانات اور انکی درستگی کیلئے محکمہ بلدیات نے گریڈ 18 اور 19 کے افسران کی سربراہی میں 16 ٹیمیں متاثرہ اضلاع اور تحصیلوں میں بھجوا دیں۔ سیکرٹری بلدیات دائود بریچ بھی نقصان کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز سیالکوٹ اور دیگر اضلاع کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق واٹر سپلائی سکیمیں اور واٹر سپلائی پلانٹ گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہائوالدین، سرگودھا، بھلوال، شاہ پور، خوشاب، نورپور تھل، پھالیہ، سرائے عالمگیر، کھاریاں، پسرور، ڈسکہ، سمبڑیال، وزیرآباد، نوشہرہ ورکاں، شورکوٹ، جھنگ، احمد پور سیال، چنیوٹ، ملتان اور دیگر علاقوں میں سیلاب سے تباہ اور متاثر ہوئی ہیں۔ حکومت پنجاب اب ان واٹر سپلائی سکیموں پر کلورینیٹربھی نصب کررہی ہے تاکہ جراثیم سے پاک پانی مہیا کیا جاسکے۔