ہربنس پورہ، دیوار گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق، 2 بھائیوں سمیت 4 زخمی
لاہور (نامہ نگار) ہربنس پورہ کے علاقہ میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے گلی میں کھیلتا 10 سالہ بچہ ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ دو بھائیوں سمیت 4 کمسن بچے زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے معیذ ٹائون میں 5 بچے 12 سالہ عبید اللہ، اسکا 10 سالہ بھائی عبداللہ، دوست 8 سالہ مصطفی، 10 سالہ خلیل اور 10 سالہ علی گلی میں کھیل رہے تھے کہ اچانک ایک مکان کی دیوار زوردار دھماکے سے گر گئی، جس سے گلی میں کھیلتے ہوئے پانچوں بچے ملبے تلے دب گئے۔ بچوں کو ملبہ ہٹا کر طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا گیا جہاں 10 سالہ علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ایک بچے کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔ پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہے ۔ نعش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔ متوفی کی ماں نعش سے لپٹ کر روتی رہی ۔