ہڑتال سے ثابت ہو گیا کشمیری بھارت کا وجود برداشت کرنے کو تیار نہیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا دیوالی منانے کشمیر جانا سیلاب متاثرہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، بھارتی حکومت نے سیلاب سے بدترین تباہی کے دوران اپنے فوجیوں کے علاوہ عام کشمیریوں کی کوئی مدد نہیں کی، لاکھوں کشمیریوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا، اب دنیا کو دھوکہ دینے کیلئے سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ مودی کے دورہ پر کشمیریوں نے تاریخی ہڑتال سے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ غاصب بھارت کا وجود کسی صورت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے عید قربان انتہائی غم کی کیفیت میں گزاری۔ سیلاب سے شدید تباہی کے پیش نظر ابھی تک کشمیر میں حالات معمول پر نہیں آسکے ہیں۔ بھارت سرکار کی جانب سے عید قربان کے موقع پر پورے کشمیر میں کرفیوکی کیفیت رکھی گئی۔ حریت پسند قائدین کو نماز عید کی ادائیگی کی بھی اجازت نہیں دی گئی اور اب کشمیر آکر دیوالی کا جشن منایا جا رہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مودی نے ایسا کر کے ہندو انتہا پسندانہ نظریات پر اپنے پختہ ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔