ایل ڈی اے کی 3 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1152 کنال اراضی کے حصول کیلئے کارروائی شروع
لاہور ( سپیشل رپورٹر)لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میںتین بڑے ترقیاتی منصوبوںکیلئے درکار1152 کنال اراضی کے حصول کے لیے لینڈ ایکو زیشن ایکٹ 1894ء کی دفعہ 5اور 5اے کے تحت کاروائی شروع کر دی ہے ۔مین بلیوارڈ گلبرگ سے براستہ جیل روڈ موٹر وے تک ایلیوٹڈ ایکسپریس وے بمعہ بس سٹیشن و دیگر سہو لتوںکی تعمیر کے لیے مو ضع اچھرہ‘ مزنگ‘نواں کوٹ‘ ساندہ خورد ‘ شیراکوٹ‘ نوناریاں‘ بدرو‘ شادمان کالونی ‘ آریا نگر اور گلشن راوی ہاوسنگ سکیم میں 813کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی۔کاہنہ کاچھہ میں ڈیفنس روڈ پرنجی شعبے کی شراکت سے ریلوے کراسنگ پر چا ر لین کے فلائی اوور کی تعمیر کے لئے موضع ننگڑ‘سادھوکی اور کاچھا میں واقع67کنال 9مرلے اراضی ایکوائر کی جائے گی -فیروز پور روڈ پر گجو متہ سے نئی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی تک نئی سڑک کی تعمیر کے لئے موضع گجومتہ اور تھہ پنجو میں 272کنا ل اراضی حاصل کی جائے گی ۔