چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا 111 ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ ملازمین مستقل کرنیکا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے عدالت عالیہ میں ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر تعینات 111 ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ مستقل ہونے والوں میں 99 درجہ چہارم کے ملازمین جبکہ ایک نابینا ٹیلیفون آپریٹر سمیت خاتون جونیئر کلرک بھی شامل ہیں۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ملازمین عدالت عالیہ کے لئے خدمات کر سراہا۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ ان کے علم میں لایا گیا کہ عدالت عالیہ میں عرصہ دراز سے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر ملازمین کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ایمانداری، ادارے کے ساتھ وابستگی اور تجربے کی بنیاد پر انہیں مستقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ تمام ملازمین ادارے کا اہم حصہ ہیں جن کے بغیر عدالتیں اپنا کام پورا نہیں کرسکتیں۔ اس موقع پر مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی جسٹس (ر) چودھری شاہد سعید، رجسٹرار حبیب اللہ عامر اور عدالت عالیہ کے افسران سمیت مستقل ہونے والے تمام ملازمین موجود تھے۔ کنفرم ہونے والے ملازمین میں 67 کنٹریکٹ ملازمین جبکہ 44 ڈیلی ویجز ملازمین شامل ہیں۔