پاکستان میں دہشت گردی کرانا بھارت کی قومی پالیسی ہے، حکومت اقوام متحدہ کو ثبوت دے: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشت گرد میدان میں لانے کے اعلان سے ثابت ہو گیا کہ دہشت گردی کرنا بھارت کی قومی پالیسی بن چکی ہے۔ یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ پاکستان میں جتنی قتل و غارت گری اور دہشت گردی ہو رہی ہے وہ سب بھارت کروا رہا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی دہشت گردی کیخلاف اکٹھے کئے گئے تمام ثبوت سلامتی کونسل میں پیش کرے۔ سعودی عرب میں خودکش حملہ سرزمین حرمین شریفین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی خوفناک سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں فلاح انسانیت فائونڈیشن کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ ہم پچھلے دس برس سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں ہونے والی قتل و غارت گری اور دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ پاکستان کو بھارتی وزیر دفاع کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ عسکری و سیاسی قیادت کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا نام لینے پر قوم میں اطمینان پایا جارہا ہے۔ چین کے ساتھ معاشی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی ریلیوں میں پاکستانی پرچم لہرانا خوش آئند ہے۔ کشمیری قوم کو اس بات کی یقین دہانی کروانے کی ضرورت ہے کہ پوری پاکستان قوم ان کے ساتھ ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ دشمنان اسلام سعودی عرب کا گھیرائو کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ مسلم حکمران، علماء اور دینی جماعتوں کے قائدین سعودی عرب کے خلاف سازشوں کے توڑ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے چئیرمین حافظ عبدالرئوف نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا سیاسی نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت ہے۔